پاکستان کے دوست ترک صدر طیب اردگان کی پارٹی پارلیمانی الیکشن واضح اکثریت سے جیت گئی
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے دوست ترک صدر طیب اردگان کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی پارلیمانی انتخابات واضح اکثریت سے جیت گئی۔ترکی بھر میں جشن شروع ہوگیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی میں ہونیوالے پارلیمانی الیکشن میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی اتنی سیٹیں حاصل کر چکی ہیں اب وہ بغیر کسی اتحادی پارٹی کے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اتوار کو ہونے والی ووٹنگ میں اب تک95.9فیصد ووٹو ں کی گنتی مکمل کرلی گئی ہے جس میں حکمران جماعت کو51.9فیصد ملے ہیں۔وزیر اعظم احمد داﺅد نے کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے آج فتح کا دن ہے،ہم جیت چکے ہیں اور آئندہ چار سال مزید عوام کی خدمت کرینگے ۔وزیر اعظم کے اعلان کے بعد پارٹی کارکن اور حمایتی افراد جشن منانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے۔یاد رہے رواں سال5ماہ میں یہ دوسری بار الیکشن ہوا ہے،جون میں ہونیوالے انتخابات میں کوئی بھی پارٹی اتنی سیٹیں حاصل نہیں کرسکی تھی کہ وہ حکومت بناسکے اور جسٹس ڈویلپمنٹ پارٹی بھی کسی جماعت کے ساتھ ملکر حکومت نہیں بناسکی تھی جس پر صدر طیب اردگان نے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔تاہم مبصرین کی رائے کی مطابق اس بار میں حکمران پارٹی کو اکثریت ملنے کی کوئی امید نہیں تھی لیکن توقع سے ہٹ کر حکمران جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔