ٹرین حادثہ، غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک، عارف نواز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں تیز گام ٹرین کے المناک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب پولیس کا ہر افسر و جوان غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے اور متاثرہ شہریوں کی امداد کیلئے اقدامات میں کوئی کمی باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب نے آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او رحیم یار خان کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ٹیمیں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک حادثے کی جگہ موجود رہیں اور متاثرہ شہریوں اور مسافروں کی مدد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر فوری اقدامات کو یقینی بنایا
۔زخمی مسافروں کو طبی امدادکیلئے ہسپتال منتقل کرنے کے علاوہ بھوکے مسافروں کو کھانا، پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ہر ممکن فراہمی کو یقینی بنایا۔ پولیس نے زخمیوں اور متوفی افراد کی نعشیں ہسپتال منتقلی میں امدادی اداروں کی بھرپور مدد کی۔ٹریفک پولیس نے امدادی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے ریلوے ٹریک کو آنے والے راستے کھلے رکھے تاکہ ریلیف ورک اور ریسکیو آپریشن کرنے والی گاڑیوں کو آمدو رفت میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جبکہ پولیس اہلکاروں نے ٹرین چھوڑنے والے مسافروں کی ہر ممکن رہنمائی بھی کی۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز بھی متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن تعاون اور راہنمائی فراہم کرنے میں مصروف عمل رہے۔