ڈی پی او ننکانہ کا تھانہ واربرٹن کادورہ،ریکارڈ چیک کیا

  ڈی پی او ننکانہ کا تھانہ واربرٹن کادورہ،ریکارڈ چیک کیا

  



واربرٹن(نامہ نگار)آئی جی پنجاب کے تھانوں میں اچانک دورہ کرنے کے احکامات پر ڈی پی او ننکانہ اسماعیل الرحمٰن کھاڑک نے تھانہ واربرٹن کا اچانک دورہ کیا۔جہاں انہوں نے تھانے کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ متعلقہ پولیس عملے کو تمام ریکارڈ باقاعدہ طور پر مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈی پی او نے دوران میٹنگ تمام شرکاء میٹنگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام زیر تفتیش مقدمات اور پینڈنگ ریفرینسز کی تکمیل جلد سے جلد مکمل کی جائے۔ کسی بھی تھانہ میں غیر قانونی حراست اور تشدد ہرگز نہ کیا جائے۔

اپنے اپنے علاقہ تھانہ میں جرائم کی شرح میں کمی کے لیے انسدادی کاروائیوں کو یقینی بنائیں۔منشیات فروشی، جواء کے اڈووں، قحبہ خانوں اور اور جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ نرم اور مثبت رویہ اپنائیں اور کار سرکار کی انجام دہی ترجیحی بنیادوں پر کریں۔ تھانہ جات میں ایک ایسا ماحول پیدا کریں کہ عوام الناس کو انصاف کی فراہمی میں پولیس کا کردار مثبت نظر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس کے بنیادی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں۔ کرائم میٹنگ میں ایس ڈی پی او سرکل ننکانہ ارسلان شاہزیب بھی موجود تھے۔ ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حفاظتی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو جامع حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے تاکید کی۔دورے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ اسماعیل کھاڑک نے تھانے کے ایس ایچ اوحاجی محمد بوٹا ڈوگر اور انوسٹی گیشن افسر سمیت انتظامی اور تفتیشی سٹاف سے انفرادی طور پر سائلین کی درخواستوں اور درج مقدمات میں ہونیوالی پیش رفت کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے ہوئے انہیں عوامی خدمت کیلئے اپنے فرائض نہایت جانفشانی سے انجام دینے کی تلقین کی۔ڈی پی او ننکانہ اسماعیل الرحمان کھاڑک نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دوران گشت سفر کرنے والے گاڑیوں کو بے جا نہ روکا جائے اور نہ ہی کسی مسافر کو بے جا تنگ کیا جائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے، اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید : علاقائی