پختونوں نے ثابت کردیا وہ بلا جوازدھرنوں میں شرکت نہیں کرتے: اجمل وزیر

پختونوں نے ثابت کردیا وہ بلا جوازدھرنوں میں شرکت نہیں کرتے: اجمل وزیر

  



پشاور(سٹاف رپورٹر) پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹرین حادثے پر شدید افسوس ہے، پختونخواہ حکومت سوگوار خاندانوں کے غموں میں برابر کی شریک ہیں، جے یو آئی مارچ کیلئے تمام راستے کھلے ہیں، دھرنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار ترجمان پختونخوا حکومت و وزیراعلٰی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر نے محکمہ اطلاعات میں منعقدہ جے یو آئی مارچ بارے پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے جان بحق افراد کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اجتماع کیلئے جانے والے ٹرین کے حادثے پر پوری قوم کو افسوس ہے۔ جے یو آئی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ مارچ میں ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور پختونخوا میں کہیں بھی کنٹینر نہیں رکھا گیا، تمام تعلیمی ادارے اور روزگارمعمول کے مطابق کھلے ہیں اور یہ کہ ہم جمہوری لوگ میں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے ہم نے کمیٹی تشکیل دی اور اپوزیشن کو بات چیت کو موقع دیا گیا۔ اس کمیٹی نے اپوزیشن کے ساتھ دھرنے کیلئے اگریمنٹ کیا ہے اور امید ہے اپوزیشن اس کی پاسداری کرے گی۔ ترجمان پختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ ہم اپنا جمہوری کردار اداکررہے ہیں، جے یو آئی مارچ کو کہیں بھی روکا نہیں جارہا اور نہ ہی راستوں میں کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔حکومت اپنی کمٹمنٹ پر قائم رہے گی، پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے چوکس ہے اور حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پْرامن احتجاج ہرکسی کا حق ہے اور اس کیلئے جے یو آئی کو جگہ وقت اور موقع دیا گیا ہے۔تمام سیکیورٹی اداروں کیساتھ رابطے ہیں، ہوم ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کے زریعے حکومت مارچ کی کڑی نگرانی کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پختونخوا عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاوجہ کسی مارچ کا حصہ نہیں بنتے،جے یو آئی کیساتھ لوگ نہیں نکل رہے تو وہ ٹرانسپورٹ پر پابندی کا بہانہ کررہے ہیں۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ہرکسی کی اپنی ہے اپنی مرضی سے چلائیں حکومت نے کسی پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔ ملاکنڈ ڈویڑن میں مارچ میں شرکت کرنے والوں کو رکنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ روڈ بندکرنے اور کنٹینرز رکھنے کی اطلاعات بالکل بے بنیاد ہیں اور جے یو آئی پختونخوا سے عوامی سیلاب نکالنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ جے یو آئی مارچ حوالے سے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا کیس لڑا اور مودی کا داغدار چہرہ بے نقاب کیا، تاریخ میں اسکی کوئی مثال نہیں ملتی، ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پہلی دفعہ جنرل اسمبلی میں سیرت النبی پر بات کی اور اسلاموفوبیا پر یورپی اقوام کی غلط فہمی دور کی

مزید : پشاورصفحہ آخر