سانحہ افسوسناک، ریل موت کی سواری بنتی جارہی ہے،امیرمقام

    سانحہ افسوسناک، ریل موت کی سواری بنتی جارہی ہے،امیرمقام

  



پشاور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے تیز گام ٹرین میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ریل موت کی سواری بنتی جارہی ہے۔ جب وزیر اپنے کام کے بجائے اپوزیشن کو جیل بھجوانے اور ان کی کردارکشیپر توجہ دیتے رہیں گے تو ایسے افسوسناک حادثات ہوتے رہیں گے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ تیزگام میں ہونے والے حادثہ سے پوری قوم کو شدید رنج اور صدمہ پہنچا ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتے ہیں۔ امیر مقام نے کہاکہ مسافروں پر ملبہ ڈالنے کے بجائے ریلوے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرجمیل دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی۔

امیر مقام

مزید : پشاورصفحہ آخر