سکول بیگ میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ سمگل کرنے کوشش ناکام بنا کر ایک ملز م کو گرفتار کرلیا،گرفتارملزم سکول بیگ میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کے قبضے سے 10عدد پستول اور20عدد میگزین برآمد کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر سرکل تصور اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت درہ آدم خیل کی جانب سے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اطلاع کو مصدقہ جان کر درہ آدم خیل کی جانب سے شہر میں داخل ہونے والے افراد و گاڑیوں کی سخت نگرانی شروع کر دی گئی جس کے دوران ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ کی نگرانی میں ایس ایچ او بڈھ بیر نثار احمد نے کوہاٹ روڈ ناکہ بندی پر ملزم بصیر اللہ ولد حضرت گل سکنہ مریم زئی کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 10عدد پستول اور20عدد میگزین برآمد کرلئے، گرفتار ملزم پولیس کوچکمہ دے کر سکول بیگ میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھاجبکہ اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر نثار احمد نے دو ملزمان اعزاز اورفعت کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک عدد کلاشنکوف اورپستول برآمد کر لی، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے