رحیم یار خان ٹرین حادثے پر صوبائی وزراء کا اظہار افسوس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراء مکیش کمار چاولہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، غلام مرتضیٰ بلوچ اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے ٹرین حادثے میں درجنوں افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر اپنے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سلیکٹیڈ وفاقی حکومت اور اس کے نااہل ترین وزیر ریلوے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس المناک واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائے اور ذمدارانہ کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے نااہل ترین وزیر ریلوے کے باعث ٹرینوں کے حادثات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ان حادثات میں بے گناہ مسافروں کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ لہذا وزیر ریلوے فوری استعفیٰ ہیں۔ صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے اور نااہل وزیر ریلوے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حادثات کی روک تھام کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات جنم نہ لیں۔