اکبر کمیلی قتل کیس،گواہ انسپکٹر محسن زیدی کے بیان پر جرح مکمل

اکبر کمیلی قتل کیس،گواہ انسپکٹر محسن زیدی کے بیان پر جرح مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے اکبر کمیلی کے قتل کے مقدمے میں گواہ انسپکٹر محسن زیدی کا بیان پر جرح مکمل ہونے پر سماعت ملتوی کردی۔کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو معروف مذہبی اسکالر مرحوم علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے اکبر کمیلی کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے کالعدم تنظیم کے ناصر قادری عرف ناصر دھوبی کو پیش کیا۔ عدالت کے روبرو گواہ انسپکٹر محسن زیدی نے بیان قلمبند کرادیا۔ گواہ انسپکٹر محسن زیدی نے بیان میں کہا کہ ملزم سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور خول میچ ہوئے ہیں۔ جس کی فارنزک رپورٹ بھی موجود ہے۔ ملزم نے بھنگوریہ گوٹھ میں اکبر کمیلی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ 2 گواہ ملزم کو عدالت کے روبرو شناخت کرچکے ہیں۔ محسن زیدی کے بیان پر ملزم کے وکیل نے جرح مکمل کرلی۔ آئندہ سماعت پر ملزم ناصر قادری عرف ناصر دھوبی کا بیان قلمبند کیا جائیگا۔ عدالت نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے 2014 میں معروف مذہبی اسکالر علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے کو قتل کیا تھا۔ اکبر کمیلی کو عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ ملزم کیخلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔