جام اکرام اللہ دھاریجو کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت و باہمی امداد جام اکرام اللہ دھاریجو نے تیز گام ایکسپریس میں آگ لگنے کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے نقصان پر سخت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے رب العزت مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے وزیر ریلوے کی بہتری کے بجائے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے خلاف منفی پروپئگنڈہ میں دن رات مشغول ہے ان کی ریلوے کی بہتری پر توجہ ہی نہیں ہے جس کے باعث ریلوے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سلیکٹیڈ ریلوے وزیر کی منحوسیت جہاں سلیکٹیڈ حکومت کے لیے برے دن لائی ہے وہاں ریلوے محکمہ بھی بہت ہی بری طرح متاثر ہوا ہے۔