محمد حسین محنتی کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس، واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے رحیم یار خان تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ سانحہ کی عدالتی تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات کے سد باب کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ٹرین کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات اور ریلوے کے نظام میں بدحالی سے محسوس ہوتا ہے کہ عملی طور پر حکومت کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ان میں بھتری لانے کی بجائے اونے پونے نجکاری کرنے میں مصروف ہے۔ حکومت اور وزارت ریلوے کے تمام تر دعووں کے باوجود محکمہ ریلوے خسارے اور بد حالی کا شکار ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ وزیر ریلوے کو چاہیے کہ وہ اپنے محکمہ پر خصوصی توجہ دیں، بڑھتے ہوئے ٹرین حادثات کو روکنے اور ٹرین و ریلوے ملازمین کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ محمد حسین محنتی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی، مرحومین کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور پسماندگان کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔