ایس ایم ای سیکٹر کیلئے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں، صدر ایچ بی ایل
کراچی(این این آئی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر اور صنعتوں کے درمیان مستحکم تعلق ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، بینک ایس ایم ایز کے شعبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ انہوں نے حبیب بینک لمیٹیڈ(ایچ بی ایل) کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد کے دورہئ کاٹی کے موقع پر ان خیالات کا اظہا رکیا۔ اس موقع پر کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بینکاری طارق ملک، سینیئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریزیڈنٹ ایچ بی ایل محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جس میں صرف فنانسنگ کے ساتھ کارکردگی میں بہتری بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شعبوں پر توجہ کی ضرورت ہے جن میں ایک ہی کاروبار سے روزگار کے کئی مواقع منسلک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ایچ بی ایل بہت جلد وسیع پیمانے پر خدمات متعارف کروائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل کو اعزاز حاصل ہے کہ ہمارا اپنے صارفین سے رشتہ چار نسلوں پر محیط ہے۔ ہم اسے اپنا اثاثہ تصور کرتے ہیں۔ قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے ایچ بی ایل کے وفد کو کورنگی صنعتی علاقے کی ملکی معیشت کے لیے اہمیت اور پیداواری صلاحیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود کی وجہ سے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری متاثر ہورہی ہے اور جب تک یہ شعبہ ترقی نہیں کرتا نہ ہی ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
اور نہ ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان کا سب سے بڑا بینک ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے لیے آسان قرضوں اور دیگر خدمات کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بینکاری طارق ملک نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان میں بینکنگ کے شعبے نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل اندرون و بیرون ملک اپنی شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کی وجہ سے ہمارے لیے قومی اثاثے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہ کہا کہ بینکنگ اور صعنت کے شعبوں کے مابین مؤثر رابطوں کے لیے کاٹی ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی آئی ہے اور اس سلسلے میں ہم مزید تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ بعدازاں پریزیڈنٹ و سی ای او محمد اورنگزیب نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری، اسلامک بیکنک اور دیگر خدمات سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔