کیوبا تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے‘ نائب صدر

کیوبا تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے‘ نائب صدر

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) کیوبا پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری اور ہیلتھ کئیر سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک مختلف فیلڈز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کیوبا کے نائب صدر ڈاکٹر روبرٹو موریلز اوجدہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر جبرئیل ٹیل کیپوٹ اور کیوبا کی وزارت خارجہ و وزارت پبلک ہیلتھ کے نمائندگان بھی ان کے وفد میں شامل تھے۔کیوبا کے نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک قدرتی ادویات سمیت ایک دوسرے کے ساتھ متعددمصنوعات و سروسز کا تبادلہ کر سکتے ہیں لہذا باہمی تجارت کا فروغ کیوبا اور پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا کنٹریکٹ کینوفیکچرنگ کے ذریعے پاکستان میں اپنی چند ادویات کو تیار کرنے کے امکانات پر غور کر رہا ہے جس سے فارماسوٹیکلز شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا کے پاس قدرتی وسائل اور معدنیات کے زیادہ ذخائر نہیں ہیں لہذا کیوبا کی قیادت نے بائیو ٹیکنالوجی سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ پر زیادہ توجہ دی تا کہ نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے لہذا ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھا کر اپنی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیوبا پاکستان کو ہپا ٹائٹس،پولیو اور دیگر بیماریوں پر قابو پانے میں بھی تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے آئینی اصلاحات لائی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار کیوبا کا دورہ کر کے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر بھی اپنا ایک وفد کیوبا کے دورے پر بھیج کردونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے نئے مواقع تلاش کرے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے 2005کے زلزلے کے بعد پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کرنے پر کیوبا کی قیادت اور عوام کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت بہت کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور کیوبا تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے میڈیکل سائنس میں بہتر ترقی کی ہے لہذا وہ میڈیکل سمیت دیگر شعبوں کی ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل کرے تا کہ ہمارا صنعتی شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا بہت سی بیماریوں کے ویکسین تیار کر رہا ہے اور وہ اس شعبے کی مہارت پاکستان کے ساتھ بھی شیئر کرے جس سے پاکستان کو بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے چیمبر کا دورہ کرنے پر کیوبا کے نائب صدر اور وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورے سے پاکستان اور کیوبا کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون بہتر کرنے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، فیڈریشن کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود، چوہدری وحید الدین، ناصر قریشی اور مختلف مقامی فارماسوٹیکل کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و کیوبا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

مزید : کامرس