پچھلی حکومت کے منصوبوں نے لاہور کا حسن برباد کر دیا،پرویز الٰہی

  پچھلی حکومت کے منصوبوں نے لاہور کا حسن برباد کر دیا،پرویز الٰہی

  



لاہور (جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آسٹریا کے سفیر نکولس کیلر نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل، اداروں کی مضبوطی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور میڈیا کی آزادی کے علاوہ ذاتی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت جہالت، پسماندگی، غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت، تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں مضبوط جمہوری نظام کے قیام کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک، تعلیم، صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور آسٹریا کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے بہت خوبصورت ہیں اور ملکی و غیرملکی سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا باعث ہیں، لاہور باغات اور تاریخی عمارتوں کا شہر ہے لیکن سابق حکومت نے میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں سے لاہور کی خوبصورتی کو برباد کر دیا، جتنا پیسہ میٹروبس اور اورنج ٹرین کے منصوبوں پر خرچ کیا گیا اس سے پنجاب بھر کو معیاری سڑکیں فراہم کی جاسکتی تھیں۔  بعد ازاں سپیکر نے معزز مہمانوں کو اسمبلی شیلڈ اور تحائف بھی پیش کیے۔

پرویز الٰہی

مزید : صفحہ آخر