سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کمی، سونے کی قیمت مستحکم

سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کمی، سونے کی قیمت مستحکم

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2روز سے جاری مندی کے بادل چھٹ گئے،کے ایس ای100انڈیکس کی34200کی نفسیاتی حدبحال ہوگئی،سرمایہ کاری مالیت میں 24ارب34کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روزسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پرکے ایس ای100انڈیکس کو34305پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس442.27پوائنٹس اضافے سے34203.68پوائنٹس پر بندہوئی۔مارکیٹ میں مجموعی طورپر355کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے235کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،101کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید10پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں استحکام  رہا۔جبکہ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید10پیسے کی کمی سے قیمت خرید155.60روپے سے گھٹ کر155.50روپے اورقیمت فروخت155.90روپے سے گھٹ کر155.80روپے ہوگئی،جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں استحکام رہا، امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.73روپے اورقیمت فروخت155.83روپے پرمستحکم رہی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں اضافہ ہونے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں استحکام رہا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 5ڈالر کے اضافہ سے فی اونس سونے قیمت1515ڈالرسے بڑھ کر1520ڈالرہوگئی۔ کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے اور10گرام سونے کی قیمتوں میں باالترتیب استحکام رہا،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت88000روپے اوردس گرام سونے کی قیمت75446روپے پرمستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ/ڈالر/سونا

مزید : صفحہ آخر