وزیراعلٰی عثمان بزدارکا ہنگامی دورہ، رحیم یار خان میں ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی عیادت

  وزیراعلٰی عثمان بزدارکا ہنگامی دورہ، رحیم یار خان میں ٹرین حادثہ کے ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ٹرین حادثے کی خبر ملتے ہی سرکاری مصروفیات ترک کرکے ہنگامی طور پر رحیم یار خان پہنچ گئے، شیخ زید ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزداررحیم یار خان آمد کے فوراً بعد شیخ زید ہسپتال پہنچ گئے،وزیراعلیٰ نے زخمیوں سے حادثے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور علاج معالجے کی سہولتوں سے متعلق بھی زخمیوں سے استفسار کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدبھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظا میہ کو زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمشنر اور دیگر حکام ہسپتالوں کا دورہ کر کے صورتحال کاجائزہ لیتے رہیں اور سندھ سے آنے والے زخمیوں کے لواحقین کو مکمل رہنمائی اور ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کمشنربہاولپور کومریضوں کی مکمل صحت یابی تک علاج معالجے کی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کرنے کا حکم دیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ ٹرین حادثے کی افسوسناک اطلاع ملتے ہی مصروفیات تر ک کر دیں اور انتظامیہ کے سا تھ رابطے میں رہا۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتظامیہ نے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد بہتر رسپانس دیا۔ریسکیو کی بروقت اور تیز ترین امدادی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں۔وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت پور کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر قائم کرنے اور شیخ زید ہسپتال میں برن یونٹ بنانے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان فیز IIرواں بجٹ میں شامل کر دیا گیا ہے جلد اس منصوبے کا آغاز کریں گے، ہسپتال میں یقینی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے، سی ٹی سکین مشین بھی فراہم کی جائے گی، اس موقع پر ارکان اسمبلی او رمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کو ڈپٹی کمشنر آفس رحیم یار خان میں ہنگامی اجلاس کے دوران کمشنر بہاولپور نے حادثے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایاکہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی اپ تیز گام کو صبح 6:26منٹ پر حادثہ پیش آیا،ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ گیس سلنڈر چولہا بتائی جاتی ہے تاہم ریسکیو، پولیس، انتظامیہ اور دیگر ادارے 13منٹ رسپانس ٹائم میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں کا آغاز کردیا۔ریسکیو آپریشن میں 144ایمبولینس اور 8فائر بریگیڈ گاڑیوں نے حصہ لیا۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ لیاقت پور کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ورثاء کی رہنمائی او رمعاونت کیلئے انفارمیشن ڈیسک قائم کر دئیے گئے ہیں - ناقابل شناخت 57لاشوں کو ڈی این اے کے بعد لواحقین کے سپرد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول