سپریم کورٹ با رانتخابات، سید قلب حسن صدر، شمیم الرحمن ملک سیکرٹری منتخب

  سپریم کورٹ با رانتخابات، سید قلب حسن صدر، شمیم الرحمن ملک سیکرٹری منتخب

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر عاصمہ جہانگیر کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے سید قلب حسن جبکہ سیکرٹری کے عہدہ پرحامد خان کے پروفیشنل گروپ کے امیدوار شمیم الرحمن ملک نے میدان مارلیا، نائب صدر پنجاب کی نشست پر غلام مرتضیٰ چودھری،کے پی کے سے نائب صدر کے عہدہ پر اورنگ زیب اسدخان اورسندھ سے نائب صدر کے امیدوارعدنان احمدنے کامیابی حاصل کی ہے، یہ تینوں نومنتخب نائب صدور انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار تھے جبکہ بلوچستان نائب صدر کی نشست پر پروفیشنل گروپ کے انوارالحق کاکٹرنے اپنے مدمقابل امیدوار خالد احمد بلوچ کوشکست دے دی،فنانس سیکرٹری کی نشست پرانڈیپنڈنٹ گروپ کی خاتون امیدوار شیریں عمران نے کامیابی حاصل کی،سید قلب حسن نے صدارتی نشست پر محمدشعیب شاہین اورسیکرٹری کے عہدہ پرشمیم الرحمن ملک نے احمد شہزاد فاروق کوشکست دی جبکہ غلام مرتضیٰ چودھری نے پروفیشنل گروپ کے محمد یونس خان نول،اورنگ زیب اسد خان نے پروفیشنل گروپ کے سید ولایت علی شاہ بخاری اورعدنان احمد نے پروفیشنل گروپ کے عنایت اللہ موریو کو شکست دے کرنائب صدورکی نشستوں پرکامیابی حاصل کی، فنانس سیکرٹری کی نشست پر خاتون امیدوار شیریں عمران نے کامیابی حاصل کی،انڈیپنڈنٹ گروپ کی شیریں عمران نے پروفیشنل گروپ کے ریاض حسین اعظم اور آزاد امیدوار علی احمد خان رانا کو شکست دی۔غیر حتمی نتائج کے مطابق نومنتخب صدر سید قلب حسن نے 1066جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار محمد شعیب شاہین نے 824ووٹ حاصل کئے، دیگر عہدوں اور ایگزیکٹو باڈی کے ممبران کی نشستوں پر رات گئے تک گنتی جاری تھی۔آخری اطلاعات تک ایڈیشنل سیکرٹری کے امیدوار پروفیشنل گروپ کے سید رفاقت حسین شاہ اپنے مدمقابل انڈیپنڈنٹ گروپ کے چودھری محمد شعیب سے سبقت لئے ہوئے تھے،سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے انتخابات میں سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی،ممتاز قانون دان تحریک انصاف کے راہنماحامد خان،جسٹس (ر) ناصرہ اقبال اورسابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان کے علاوہ دونوں صدارتی امیدواروں نے بھی لاہور میں ووٹ کاسٹ کیا۔سپریم کورٹ بار کے نومنتخب صدر سید قلب حسن کا کہناہے کہ ہاؤسنگ کالونی سمیت وکلاء کے مسائل حل کرنا اور بارکے وقار کی بحالی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔حتمی نتائج کا اعلان 4 نومبر کو اسلام آباد میں کیا جائے گا جبکہ 5 نومبر کو نئی منتخب باڈی چارج سنبھالے گی،سپریم کورٹ بار لاہور سٹیشن کے نتائج کچھ اس طرح رہے،صدر کی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار قلب حسن نے لاہور سے582 ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار شعیب شاہین نے399 ووٹ حاصل کئے،سیکرٹری کے عہدے پر حامد خان گروپ کے امیدوارشمیم الرحمن ملک کو 529 ووٹ جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدواراحمد شہزاد فاروق رانا کو 441 ووٹ ملے،نائب صدارت پنجاب کیلئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے چوہدری غلام مرتضی نے لاہور سے551 ووٹ جبکہ پروفیشنل گروپ کے یونس خان نول نے 412 ووٹ حاصل کئے،ایڈیشنل سیکرٹری کے امیدوار سید رفاقت حسین شاہ نے 470 ووٹ اور ان کے مدمقابل امیدوارچودھری محمدشعیب نے 447 ووٹ حاصل کئے،فنانس سیکرٹری کی امیدوار شیریں عمران نے لاہور سے585 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوارریاض حسین اعظم243 اورعلی احمد خان 122 ووٹ حاصل کرسکے۔

سپریم کورٹ بار انتخابات

مزید : صفحہ اول