رائیونڈ میں لاکھوں افرا د کی آمد، پنڈال کلمہ حق کی صداؤ سے گونج اٹھا

رائیونڈ میں لاکھوں افرا د کی آمد، پنڈال کلمہ حق کی صداؤ سے گونج اٹھا

  



رائے ونڈ،لاہور (نمائندہ پاکستان،کرائم رپورٹر) سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جمعرات کے روز نمازعصر کے بعد شروع ہوگیا، پہلے روز دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت،پہلے مرحلے میں دیر، سندھ، سرگودھا، راولپنڈی، بنو کے علاقہ سے شرکاء شرکت کریں گے۔ پہلا مرحلہ 3نومبر کو صبح اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا۔اجتماع گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مرحلہ وار ہوگا۔دوسرا مرحلہ 7نومبر سے شروع ہوکر 10نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔تبلیغی اجتماع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پنڈال کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھروگیٹ لگا دیئے گئے ہیں۔کسی شخص کو چیکنگ کے بغیر پنڈال میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔تبلیغی پنڈال کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی وجہ سے شرکاء کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے تبلیغی اجتماع کے پہلے روز مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نذر الرحمان،مولانا محمد ابراہیم ودیگر نے کہا کہ کلمہ حق کی دعوت سے ہی انقلاب آسکتاہے توحید ایک نور ہے جو دل و جان کو ایمان کی روشنی سے منور کرتاہے آج کا بھٹکا ہوا مسلمان اپنی نجات کو رب کی بجائے سبب میں ڈھونڈ رہا ہے جو کہ ناکامی کا راستہ ہے رب کائنات کی عظمت کا اعتراف اور عقیدہ توحید رکھے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتادنیا کی زندگی عارضی اور برف کی مانند ہے جو پگھل رہی ہے اس عارضی زندگی کو سب کچھ سمجھنے والا انسان ہی گھاٹے میں ہے دنیا کی رنگینیوں سے نکل آؤ زندگی کے مقصدکو سمجھو آخرت کی تیاری کرلو،کل کی شرمندگی اور پچھتاوے سے بچنے کیلئے اپنی زندگی کو شریعت محمد ی کے مطابق ڈھال لو۔اجتماع گاہ کے راستوں میں شدید گردوغبار اور دھول اڑتی رہی جبکہ سڑک پر پانی کے ٹینکروں کے بے تحاشہ چھڑکاؤ کی وجہ سے پھسلن پیداہوتی رہی جس کے باعث کئی مندوب الٹے سیدھے ہوتے رہے،پہلے کی طرح بغیر نمبری موٹرسائیکل سوار اور آٹو رکشاؤں والے لوٹ مچاتے رہے۔لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی جانب سے رائیونڈ میں ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کا پہلا سیشن یکم نومبرسے 3نومبر اور دوسرا سیشن 8سے10نومبر تک ہو گا۔ شرکاء کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہر قسم کے میسر ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سکیورٹی پلان کے مطابق 3ایس پیز،12ڈی ایس پیز، 33انسپکٹرز، 306اَپر سب آرڈینیٹس اور 2ہزا ر سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔رائیونڈ اجتماع میں آنے والے ہر شخص کی بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا،واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیر ئیرزکا استعمال کیا جائے گا۔اجتماع کے گرد نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس بھی پنڈال کے گردونواح سمیت اہم شاہراؤں پرموثرپٹرولنگ کریں گی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع کے آرگنائزرزسے مسلسل رابطے میں رہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نویدنے تبلیغی اجتماع رائیونڈکا دورہ کیااورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت اور دیگر متعلقہ افسران نے ایس ایس پی آپریشنز کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔محمد نوید نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین سے بھی ملاقات کی۔

تبلیغی اجتماع

مزید : صفحہ اول