وزیراعلیٰ سندھ کا رحیم یار خان حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیراعلیٰ سندھ کا رحیم یار خان حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کا رحیم یار خان کے قریب آگ لگنے کے واقعہ میں بڑی تعداد میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ہر قسم کی مدد اور تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت ہی تکلیف دہ واقعہ ہے، اللہ پاک رحم فرمائے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم اس ریل گاڑی حادثے میں آگ لگنے کے باعث جاں بحق مسافروں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ زخمی ہونے والے مسافروں کے فوری علاج معالجے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ریل گاڑی میں حیدرآباد سے بھی کچھ خاندان سفر کر رہے تھے، وزیراعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان کے کمشنر سے رابطہ کریں اور سندھ سے تعلق رکھنے والے تمام زخمی اور شہید ہونے والے مسافروں کی جسم خاکی منگوانے کیلئے فوری اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور شہید بینظیرآباد کی کمشنر آفیسوں میں تیزگام ریل حادثے کی آگاہی سے متعلق خصوصی ڈیسک قائم کی گئیں ہیں۔ یہ ڈیسک زخمیوں اور شہید ہونے والے مسافروں کو اپنے اپنے علاقوں میں ٹرانسپورٹ بھی فراہم کرینگے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ زخمیوں اور شہید ہونے والے سندھ کے متاثرہ خاندان کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر سے رابطہ کریں اور انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی یہ وہ رحیم یار خان اور بھاولپور سے معلومات لیکر متاثرہ خاندانوں کو فوری آگاہی فراہم کریں۔ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد آفیس میں خصوصی ڈیسک قائم کی گئی اور حیدرآباد کے متاثرہ خاندانوں کو فوری آگاہی حاصل کرنے کیلئے ڈی سی آفیس حیدرآباد کے فون نمبر 0229200244 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید : صفحہ اول