حضور اکرم ؐکے ذکر کی برکات پوری دنیا میں نظر آتی ہیں، فاروق ستار 

    حضور اکرم ؐکے ذکر کی برکات پوری دنیا میں نظر آتی ہیں، فاروق ستار 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاستدان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حضور اکرم ؐ  کی ہستی وہ عظیم ہستی ہے جس کے صدقے میں یہ کائنات تشکیل دی گئی، ان کے ذکر کی برکات پوری دنیا میں نظر آتی ہیں، ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوچکا ہے، مسلمانوں کے دلوں میں خوشی کی نئی لہر دوڑ گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحسین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ سیمینار ”محفل ذکر محمد ؐو آل محمد ؐ “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے رباب فاطمہ، انوار احمد، جواد احمد قادری، سہیل عابدی، ویلفیئر کی چیئرپرسن ڈاکٹر شبنم نقوی، رعنا سعید طور ودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ویلفیئر کی جانب سے کربلا کی زیارت کے لیے جانے والے خوش قسمت 6افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹ اور پیکج دیا گیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطا ب میں کہا کہ حضور اکرم ؐ  کی ہستی وہ عظیم ہستی ہے ماہ محرم الحرام سے ماہ ربیع الاول یعنی نواسہئ رسول ؐ  سے اب نانا کا ذکر آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتلِ حسینؓ اصل میں مرگِ یزید ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ موضوع اُس کوزے کی مانند ہے جس کوزے سے کائنات کی تخلیق ہوئی، خانوادہ رسولؐ اور شہداء کی عظیم اورلازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجائیگا اور جن مقاصد کیلئے انہوں نے اپنی جانیں قربان کیں ان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا،کیونکہ ان عظیم اور مقدس ہستیوں نے اپنا سب کچھ قربان کر کے اسلام کے پرچم کو سربلند کیااور رہتی دنیا تک کے انسانوں کو پیغام دیا کہ جب بھی دین پر وقت پڑے وہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر میدان عمل میں آکر اسلام کی آبیعاری کرنا اہلبیت اطہار کی زندگیاں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں ہی معاشی بحران سے گذر رہے ہیں، ملک کی موجودہ معاشی اور سیاسی بحران نقصان کا سبب بن رہا ہے، جس قدر جلد ممکن ہو، ہمیں اس سے نکلنا ہوگا، تاکہ ہمارا پیارا وطن ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ میاں نوازشریف کی عیادت کو جائیں، کیونکہ یہ اخلاقی تقاضہ اور سنت رسولؐ  بھی ہے، انہوں نے کہا الحسین ویلفیئر ایک بڑا مقصد لے کر آگے چل رہی ہے اور اس کی سربراہ ڈاکٹر شبنم نقوی دن رات ویلفیئر کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں، یہ ایک ایسی ویلفیئر تنظیم ہے جو عوام کی بے لوث خدمت کررہی ہے، ہمیں ایسی تنظیموں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکنہ مدد کرنی چاہیے۔ تقریب سے محترمہ رباب فاطمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمدؐ اور آل محمدؐ  نعمتوں سے کم نہیں ہے، شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، الحسین ویلفیئر تنظیم لوگوں کو زیارت کے لیے کربلا بھیج رہی ہے، اس تنظیم نے ہمیشہ مولا علی اوران کے خانوادے سے محبت کا اظہار عوامی خدمت کرکے کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل عابدی نے کہا کہ ہم جب تک پورا کلمہ طیبہ نہیں پڑیں گے، مسلمان نہیں کہلائیں گے، جو حضور اکرم ؐ  سے بھی والہانہ محبت رکھتاہے وہ آل رسولؐ  سے محبت رکھتا ہے، شبنم نقوی نے یہ سیمینار منعقد کرا کے حضورؐ  اور ان کے خانوادے سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں آل محمدؐ  کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے کیونکہ ان کی قربانیوں سے یہ دنیا قائم ہے۔ 

مزید : صفحہ اول