سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور ڈرامہ سیریل”عہد وفا“کامیابی سے آن ائیر

  سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور ڈرامہ سیریل”عہد وفا“کامیابی سے آن ائیر

  



لاہور(فلم رپورٹر)نجی ٹی وی کی پیشکش ”عہد وفا“ ایک ایسا دلچسپ‘ سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور ڈرامہ سیریل ہے جس کی محض جھلکیوں نے اسے عوام میں مقبول کردیا اور لوگ اس کے بے چینی سے منتظر نظر آنے لگے۔یہ ڈرامہ نجی ٹی وی سے ہر اتوار کی رات آٹھ بجے نشر کیا جائے گا۔ایک ایسے وقت میں جب ہمارے زیادہ تر ڈرامے خاندانی مسائل پر پیش کئے جارہے ہیں ایسے میں عہد وفا جیسا ڈرامہ تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے۔مومنہ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے کی کہانی مصطفی آفریدی کی تحریر کردہ ہے جو کہ کیڈٹ کالج میں زیر تعلیم چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کا بھرپور مزہ لے رہے ہیں لیکن ایک ناگہانی حادثے کی وجہ سے ان کی دوستی کا شیرازہ بکھر کر رہ جاتا ہے۔ یہ شارق،شاہ زین،شہریار اور سعد کی کہانی ہے اور دوستی جیسے مضبوط رشتے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔کیڈٹ کالج کے بعد یہ چاروں دوست اپنی اپنی زندگیوں میں مگن ہوجاتے ہیں لیکن مٹی کی محبت ان کو ایک بار پھر یکجا کردیتی ہے اور اس کے بعد کی کہانی ان چاروں دوستوں کی جہد مسلسل اور وطن کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کے جذبے کی لازوال داستان ہے۔اس ڈرامے کی ہدایات سیف ِحسن کی ہے جبکہ نمایاں کرداروں میں احد رضا میر‘ احمد علی‘ ونیزہ احمد‘ عثمان خالد بٹ‘ زارا نور عباس‘ علیزے شاہ‘ وہاج علی‘ ہاجرہ یامین‘ انعام صدیقی اور دیگر شامل ہیں جبکہ اداکار فراز انعام جو کہ اس سے قبل مقبول ترین ڈرامے ”الفا براووچارلی“میں فراز احمد کا کردار نبھاچکے ہیں‘ بھی اس ڈرامے میں ایک ہائی رینکنگ آرمی آفیسر کاکردار نبھارہے ہیں۔

مزید : کلچر