طلعت شاہ کی ڈرامہ سیریل”مجھے بیٹا چاہیئے‘‘ کی مقبولیت میں اضافہ

  طلعت شاہ کی ڈرامہ سیریل”مجھے بیٹا چاہیئے‘‘ کی مقبولیت میں اضافہ

  



لاہور(فلم رپورٹر)ڈرامہ سیریل”مجھے بیٹا چاہیئے‘‘ کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔طلعت شاہ اور شہود علوی اپنے اپنے کیرءئر کے منفرد کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔جس میں اداکار طلعت شاہ کی پرفارمنس بہت پسند کی جارہی ہے۔طلعت شاہ نے لاہور کے بعد کراچی میں بھی کامیابی حاصل کی ہے اور اب وہ کئی پراجیکٹ کرنے میں مصروف ہیں۔اس ڈرامہ سیریل میں طلعت شاہ نے شہود علوی کے بچپن کے دوست اور بزنس پارٹنر کا کردار کیا ہے۔ کہانی کے مطابق شہود علوی بیٹے کا خواہش مند ہوتا ہے لیکن جب اس کی تیسری بیٹی پیدا ہوتی ہے تو وہ اپنی بیوی سبرین ہسبانی کو گھر سے نکال دیتا ہے جو طلعت شاہ کے گھر پناہ لیتی ہے جہاں سے کہانی نیا موڑ اختیار کرتی ہے کیونکہ طلعت شاہ کی بیوی ان دونوں کو شک کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

دوسری طرف شہود علوی دوسری شادی کرلیتے ہیں۔اس بارے میں طلعت شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامے کا موضوع بہت شاندار ہے کیونکہ ہمارا پورا معاشرہ اس بیماری کا شکار ہے۔ جس کے ہاں بیٹیاں پیدا ہوتی ہیں اسے بیٹے کی خواہش ہوتی،اسی وجہ سے اکثر لڑائی جھگڑے بھی ہوتے ہیں اور خاندانی نظام بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے لیکن اگر لوگ قران مجید کا مطالعہ کرلیں جس میں واضح لکھا ہے کہ کسی کو بیٹی یا بیٹا عطا کرنا صرف اللہ تعالی کے اختیار میں ہے تو اس طرح کے جھگڑے پیدا ہی نہ ہوں۔طلعت شاہ کا مزید کہنا تھا کہ رائٹر نے زبردست کہانی تحریر کی ہے۔

جس میں اس اہم معاشرتی برائی کی بہترین عکاسی کی گئی ہے جبکہ ڈائریکٹر عاصم علی نے کہانی کو بہترین انداز سے سکرین پر پیش کیا ہے۔یہ ڈرامہ اے پلس پر نشر کیا جاتا ہے۔

مزید : کلچر