دورہ آسٹریلیا، پاکستان کا فاتحانہ آغاز: ٹورمیچ میں 6وکٹوں سے کامیابی

دورہ آسٹریلیا، پاکستان کا فاتحانہ آغاز: ٹورمیچ میں 6وکٹوں سے کامیابی

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)) پاکستان نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کو ٹور میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے پہلی وکٹ پر جاندار آغاز فراہم کیا، پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کرکٹ آسٹریلیا الیون کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنز بناسکی، پاکستان ٹیم نے 135 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فخر زمان 43، کپتان بابر اعظم 34 اور حارث سہیل 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔ شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جمعرات کو سڈنی میں کھیلے گئے ٹور میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے کپتان کرس لین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کرکٹ آسٹریلیا الیون کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، نیتھن مکسوینی 30، کپتان کرس لین 24، ایلکس راس نے 17 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاداب خان نے تین جبکہ محمد عرفان، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 78 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا۔ کپتان بابر اعظم پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر ڈینیئل فیلنزکی گیند پر باکسٹر ہولٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، فخر زمان دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو للوڈ پوپی کی گیند پر گبسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر دوارشیوس کے گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، آصف علی چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے انکو دوارشیوس نے آؤٹ کیا۔ اور پاکستان نے ٹور میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ محمد رضوان 7 اور افتخار احمد 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، کرکٹ آسٹریلیا الیون کی طرف سے دوارشیوس نے دو، پوپی اور فیلنز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی