آزادی مارچ، پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر 16میں 3روزہ میچ بھی متاثر

  آزادی مارچ، پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر 16میں 3روزہ میچ بھی متاثر

  



راولپنڈی (آئی این پی)اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں کے باعث پاکستان اور بنگلا دیش کی انڈر 16کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری 3روزہ میچ میں ایک روز کا وقفہ دے دیا گیا۔پاکستان اور بنگلادیش کی انڈر16کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا تین روزہ میچ خان ریسرچ لیبارٹریز سٹیڈیم میں جاری ہے۔بدھ کو شروع ہونے والے میچ کے پہلے دن بنگلا دیش کی پوری ٹیم 108رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں پہلے دن کے اختتام پر پاکستان جونیئرز نے 3 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنا لیے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر دونوں ٹیم کے درمیان کھیل میں ایک دن کا وقفہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے فیصلے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان3 روزہ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جمعرات کے بجائے جمعے کو کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے حکومت کے خلاف آزادی مارچ کیا جارہا ہے اور کراچی سے شروع ہونے والا یہ مارچ جمعرات کو اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی