قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل

  قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل،اقبال ا سٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان سنسنی خیز میچ بینتیجہ ختم ہوگیا۔ کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری اور تابش خان کیبلے بازی کے دوران دفاعی انداز نے سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا۔ 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔331 رنز کے تعاقب میں سندھ نے 58 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔75 منٹ کریز پر گزارنے والے سرفراز احمد نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔33 گیندوں کا سامنا کرنے والے 34 سالہ تابش خان ایک رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ وہ 48 منٹ کریز پر موجود رہے۔ پہلی اننگز میں 6 شکار کرنے والے نسیم شاہ نے دوسری اننگز میں بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل57 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 5وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی۔ اوپنر سلمان بٹ نے ناقابل شکست 137 رنز بنائے۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر تابش خان نے میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 313 رنز کے جواب میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔دوسری جانب جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔ کھیل کے آخری روز ناردرن نے 309 رنز کی سبقت پر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔ دن کے اختتام میں 2 اوورز کا کھیل رہ جانے کے باعث دونوں ٹیموں نے باہمی رضامندی سیمیچ بے نتیجہ ختم کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے 550 رنز کے جواب میں 453 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔


جمعرات کے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نیدوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔سدرن پنجاب نے8وکٹوں کے نقصان پر 403 رنز سے کھیل کے آخری روز کا آغاز کیاتووکٹ کیپربیٹسمین عدنان اکمل نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 113.5 اوورز میں 453 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 97 رنزکی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم کے اوپنرز حیدر علی اور ذیشان ملک کے درمیان 131 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ نوجوان اوپنر حیدر علی 79 اور پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے ذیشان ملک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اْدھربگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔ 306 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کھیل کے اختتام تک 5وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز ہی بناسکی۔ اوپنر اسرار اللہ اور اشفاق احمد کے درمیان 91 رنز کی شراکت نے میچ کو ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسرار اللہ 85 اور اشفاق احمد 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پہلی اننگز میں 4وکٹیں حاصل کرنے والیلیگ اسپنر یاسر شاہ نے میچ میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل 147 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کاآغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کو دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا کو مجموعی طور پر 305 رنز کی سبقت حاصل تھی۔دوسری اننگز میں 36 رنز کے عوض 5 شکار کرنے والے خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم بلوچستان کے 553 رنز کے جواب میں 406 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔