رائیونڈ کے پنڈال میں کلمہ حق کی صدائیں، بلند لاکھوں افراد کی پہلے روز آمد 

رائیونڈ کے پنڈال میں کلمہ حق کی صدائیں، بلند لاکھوں افراد کی پہلے روز آمد 

  



رائے ونڈ (این این آئی) سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جمعرات کے روز نمازعصر کے بعد شروع ہوگیا، پہلے روز دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت،پہلے مرحلے میں دیر، سندھ، سرگودھا، راولپنڈی، بنو کے علاقہ سے شرکاء شرکت کریں گے۔ پہلا مرحلہ 3نومبر کو صبح اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا۔اجتماع گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مرحلہ وار ہوگا۔دوسرا مرحلہ 7نومبر سے شروع ہوکر 10نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔تبلیغی اجتماع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پنڈال کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھروگیٹ لگا دیئے گئے ہیں۔کسی شخص کو چیکنگ کے بغیر پنڈال میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔تبلیغی پنڈال کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی وجہ سے شرکاء کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے تبلیغی اجتماع کے پہلے روز مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نذر الرحمان،مولانا محمد ابراہیم ودیگر نے کہا کہ کلمہ حق کی دعوت سے ہی انقلاب آسکتاہے توحید ایک نور ہے جو دل و جان کو ایمان کی روشنی سے منور کرتاہے آج کا بھٹکا ہوا مسلمان اپنی نجات کو رب کی بجائے سبب میں ڈھونڈ رہا ہے جو کہ ناکامی کا راستہ ہے رب کائنات کی عظمت کا اعتراف اور عقیدہ توحید رکھے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتادنیا کی زندگی عارضی اور برف کی مانند ہے جو پگھل رہی ہے اس عارضی زندگی کو سب کچھ سمجھنے والا انسان ہی گھاٹے میں ہے دنیا کی رنگینیوں سے نکل آؤ زندگی کے مقصدکو سمجھو آخرت کی تیاری کرلو،کل کی شرمندگی اور پچھتاوے سے بچنے کیلئے اپنی زندگی کو شریعت محمد ی کے مطابق ڈھال لو۔اجتماع گاہ کے راستوں میں شدید گردوغبار اور دھول اڑتی رہی جبکہ سڑک پر پانی کے ٹینکروں کے بے تحاشہ چھڑکاؤ کی وجہ سے پھسلن پیداہوتی رہی جس کے باعث کئی مندوب الٹے سیدھے ہوتے رہے،پہلے کی طرح بغیر نمبری موٹرسائیکل سوار اور آٹو رکشاؤں والے لوٹ مچاتے رہے۔

تبلیغی اجتماع

مزید : صفحہ اول