”میں نئیں بولدی“ یو اے ای کرکٹ بورڈ بھی پی سی بی نے ناراض ہو گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹی 10 لیگ میں شرکت سے روکنے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ پی سی بی سے ناراض ہو گیا ہے۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ”کرک انفو“ کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد الزارونی نے گزشتہ ہفتے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو خط بھیجا جس میں ان سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی 10 لیگ میں شرکت سے روکنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے یاد دلایا گیا تھا کہ اس ایونٹ میں یو اے ای کی حکومت بھی شریک ہے، پاکستانی پلیئرز نہ آئے تو اسے نقصان پہنچے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خط کے جواب میں احسان مانی نے الزارونی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مبینہ طور پر کہا کہ وزیراعظم کے کہنے پر این او سی منسوخ کئے گئے ہیں اس لئے انہیں یو اے ای کے وزیر شیخ نیہان مبارک النیہان کے توسط سے عمران خان کیساتھ رابطہ کرنا چاہئے تاکہ یہ معاملہ حل ہو سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے معاملات میں حکومتی مداخلت کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی پی سی بی نے کھلاڑیوں کے ٹی 10 لیگ کیلئے این اوسی روک لئے تھے تاہم آخری لمحات میں یہ لیٹر جاری کر دئیے گئے۔