خاتون کا سونا کھانے والا بھینسا

خاتون کا سونا کھانے والا بھینسا
خاتون کا سونا کھانے والا بھینسا

  



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہندومت میں گائے کو کھانا کھلانا ’پُنے‘ کا کام ہے مگر بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سرسا میں ایک خاندان نے ایک آوارہ بیل کو پکڑ کر گھر کے باہر باندھ رکھا ہے اور اس کو خوب کھلا پلا رہے ہیں مگر اس کی وجہ اس خاندان کی ’شردھا‘ نہیں بلکہ یہ ہے کہ اس بیل نے اس خاندان کے 40گرام سے زائد سونے کے زیورات کھا لیے ہیں اور اب وہ اس کے گوبر کے ذریعے وہ زیورات واپس چاہتے ہیں۔

یہ واقعہ سرسا کے علاقے کلاں والی کا ہے جہاں جانکن نامی ایک شخص کی بیوی نے غلطی سے اپنے سونے کے زیورات کچرے کی اس بالٹی میں رکھ دیئے جس میں وہ سبزی کی باقیات بھی ڈالا کرتے تھے اور پھر وہ بچی کھچی سبزی اور دیگر اشیاءجانوروں کو کھلا دیا کرتے تھے۔ اس روز انہوں نے بالٹی ایک آوارہ بیل کے سامنے رکھی اور بیل سبزی کے ساتھ زیورات بھی کھا گیا۔ جب خاتون کو یاد آیا تو اس نے بالٹی دیکھی جو خالی پڑی تھی اور اس کی بہو نے بتایا کہ جانکن اس میں موجود چیز ایک بیل کو کھلا چکا ہے۔ اس پر اس خاندان نے بیل کی تلاش شروع کر دی۔

تلاش بسیار کے بعد وہ بیل ان کے ہاتھ لگ گیا جسے انہوں نے لا کر اپنے گھر کے باہر کھلے میدان میں باندھ دیا ہے اور اسے کھلا پلا رہے ہیں تاکہ وہ گوبر کرے اور اس میں ان کے زیورات بھی آ جائیں۔ بیل جب بھی گوبر کرتا ہے، پورا خاندان اسے اچھی طرح کھنگالتا ہے مگر تین روز ہو گئے، ان کے زیورات نہیں نکلے۔ جانکن کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بیل کے گوبر سے زیورات نہ ملے تو وہ اسے ’گاﺅشالا‘ میں چھوڑ آئیں گے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس