موٹورولا کا ریزر فون واپس آگیا، لیکن اب قیمت کتنی ہوگی؟

موٹورولا کا ریزر فون واپس آگیا، لیکن اب قیمت کتنی ہوگی؟
موٹورولا کا ریزر فون واپس آگیا، لیکن اب قیمت کتنی ہوگی؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹرولا کمپنی کافولڈ ہو جانے والا فون تو آپ کو یادہو گا جو اب معدوم ہو چکا ہے۔ کئی لوگوں کی اب بھی خواہش ہو گی کہ وہ ایک بار وہ فون خرید سکیں، تو ایسے لوگوں کے لیے خوشخبری ہے کہ کمپنی ایک بار پھر اپنے اس منفرد ماڈل کو نئے فیچرز کے ساتھ لانچ کرنے جا رہی ہے جس کی تصاویر انٹرنیٹ پر لیک ہو کر سامنے آ گئیں ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق یہ تصاویر ’ایون بلیس‘ نامی شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں جو گاہے ٹیکنالوجی سے متعلق ایسی چیزیں لیک کرتے رہتے ہیں۔
ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرولا کا یہ ’ریٹرو فولڈ ابل ریزر فون‘ ہو بہو اسی شکل کا ہے جیسے اس کے پرانے ماڈل ہوا کرتے تھے۔ اس میں ایک تبدیلی یہ نظر آئی ہے کہ اس کی نچلے حسے میں پلاسٹک کا قدرے بڑا ٹکڑا لگایا گیا ہے جس کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ یہاں ’ہوم بٹن‘ یا پھر فنگر پرنٹ ریڈر لگایا گیا ہو گا جو کہ ماضی کے ریزر ماڈلز میں نہیں ہوتا تھا۔ اس ماڈل میں سب سے بڑا فرق یہ ہے کہ جب آپ اس کی فلپ کھولیں گے تو نچلا اور اوپر والا حصہ ایک سکرین بن جائے گا اور اس میں کوئی جوڑ نہیں ہو گا۔ بالکل اسی طرح جیسے سام سنگ گلیکسی فولڈ یا ہواوے فولڈنگ میٹ ایکس ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس فون میں کوالکوم سنیپ ڈریگن 710پروسیسر ملے گا اور 4جی بی یا 6جی بی ریم (RAM) اور 64جی بی یا 128جی بی سٹوریج مہیا ہو گی۔ اس فون کی بیرونی طرف بھی ایک درمیانے درجے کا ڈسپلے نصب ہو گا، جسے فون کو کھولے بغیر ہی استعمال کیا جا سکے گا۔ وال سٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق یہ ماڈل موٹرولا کے موجودہ ماڈلز کی نسبت کافی مہنگا ہو گا۔ اس کی قیمت ممکنہ طور پر 1500ڈالر (تقریباً 2لاکھ 32ہزار روپے) ہو گی۔ یہ ماڈل آئندہ ماہ مارکیٹ میں متعارف کروایا جا رہا ہے۔