آدمی کو سانپ نے کاٹا تو پریشان ہوکر اپنی انگلی کاٹ دی، لیکن ڈاکٹر کے پاس گیا تو اس نے کیا کہا؟ جان کر آپ کو ہنسی آجائے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک شخص کو سانپ نے کاٹ لیا جس پر گھبراہٹ میں اس شخص نے ایساکام کر ڈالا کہ سن کر آدمی وحشت زدہ رہ جائے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ چینی صوبے ژی جیانگ کے ضلع شن گیو میں پیش آیا جہاں زینگ نامی شہری جلانے کے لیے لکڑیاں کاٹ رہا تھا جب اسے ہاتھ کی شہادت کی انگلی پر سانپ نے کاٹ لیا۔ ژینگ نے سانپ کو دیکھ لیا۔ اس نے سمجھا کہ وہ انتہائی زہریلا سانپ ہے جس کا ڈسا پانچ قدم چلنے سے پہلے مر جاتا ہے۔
اسی گھبراہٹ میں ژینگ نے فوری طور پر اپنی کلہاڑی سے اپنی شہادت کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔ اپنی انگلی کاٹنے کے بعد ژینگ بھاگم بھاگ آبادی تک پہنچا جہاں سے اسے ہسپتال لیجایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے اسے بتایا کہ اسے اپنی انگلی کاٹنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ سانپ اتنا زہریلا نہیں ہوتا جتنا مقامی لوگ سمجھتے ہیں۔ ژینگ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اسی سانپ کے کاٹنے کی وجہ سے اس کا ایک ہمسایہ مر گیا تھا۔ اس واقعے کی وجہ سے میں زیادہ خوفزدہ ہوا اور انگلی کاٹنے کا انتہائی اقدام کر ڈالا۔