بال ٹمپرنگ کرنے پر جرمانہ ہوا تو احمد شہزاد بھی میدان میں آگئے، ایسی بات کہہ دی کہ آپ کو بھی حیرت ہوگی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ وہ بال ٹمپرنگ کے معاملے میں بے قصور ہیں ، انہوں نے امپائرز کو اس حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن جب وہ قائل نہ ہوئے تو میں نے ان کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔
قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں منگل کے روز سندھ کے خلاف میچ کی پہلی اننگ کے 17 ویں اوور میں بال ٹمپرنگ کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا جس پر پی سی بی نے جمعہ کے روز احمد شہزاد کو میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ احمد شہزاد نے سزا ملنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ اس واقعے میں بال کی کنڈیشن کھیل کے دوران ہی قدرتی طور پر تبدیل ہوئی تھی ، میں نے میچ آفیشلز کو قائل کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بال کی ہیئت کو تبدیل کیا گیا ہے، میں ان کا فیصلہ تسلیم کرتا ہوں اور اس کی عزت کرتا ہوں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ اس قسم کے کسی کام میں ملوث نہیں ہوں گے جس سے کھیل کی حرمت پر حرف آئے اور نہ ہی وہ اپنے کھلاڑیوں کو ایسا کرنے دیں گے، ’ میری ترجیح سخت اورنتائج پر مبنی کرکٹ کھیلنا ہے، اس کے ساتھ میں ان نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کرنا چاہتا ہوں جو ہمیں کھیلتے ہوئے دیکھتے ہیں۔