شہبازشریف کو جھوٹ پر مبنی بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے:ڈاکٹریاسمین راشد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ شہبازشریف پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی حالیہ کارکردگی بارے مکمل غلط بیانی کر رہے ہیں،ہم شہبازشریف کی حکومت کی نسبت پی کے ایل آئی کو بہترین طریقے سے چلا رہے ہیں،ان ڈور اور آؤٹ ڈور مریضوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے،شہبازشریف کو جھوٹ پر مبنی بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے آزادی مارچ میں کی جانے والی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہپی کے ایل آئی میں ڈائیلسز مشینوں کی تعداد 60کرنے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر 180مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، شہبازشریف کے دور میں لیورٹرانسپلانٹ ممکن ہی نہ ہو سکا،پی کے ایل آئی میں رواں سال 3مریضوں کا مفت لیورٹرانسپلانٹ ہو چکا ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں8نئے آپریشن تھیٹرز بالکل فعال ہیں،ہسپتال میں پیٹ سکین اور سٹی سکین کی مفت سہولت موجود ہے،شہبازشریف کسی قسم کی غلط بیانی سے پہلے خدارا حقائق بارے تصدیق کرنے کی جسارت کر لیا کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ساری اپوزیشن کو دعوت دیتی ہوں کہ پی کے ایل آئی کی سابقہ اور موجودہ کارکردگی کا خود آ کر جائزہ لیں،ہم پی کے ایل آئی کو شہبازشریف کی نسبت بہت اچھا چلا رہے ہیں،شہبازشریف کو جھوٹ پر مبنی بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے جان بوجھ کر پی کے ایل آئی کو سفید ہاتھی بنا کر چھوڑ دیا تھا،عوام کے پیسوں سے بنایا گیا ہسپتال عوام ہی کی خدمت کرے گا۔