”اب ہم تحریک شروع کرچکے ہیں“، مولاناعبدالغفور ی حیدری نے صورتحال کی وضاحت کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جے یو آئی کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدر ی نے کہاہے کہ ہم نے اگست میں بھی کہا تھا کہ استعفیٰ نہیں دیں گے تو ہم تحریک شروع کریں گے اور اب ہم تحریک شروع کرچکے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو استعفے کیلئے دو دن کی مہلت کی ہے ، حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ، ہمارے قافلوں کوروکا گیا ، گاڑیاں چھینی گئیں ، ہمارے لوگوں کے خلاف پرچے کروائے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اگست میں بھی کہا تھا کہ استعفیٰ نہیں دیں گے تو ہم تحریک شروع کریں گے اور اب ہم تحریک شروع کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ ہماری ضلعی جماعت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہواہے ، ہم نے ڈی چوک جانا تھا لیکن معاہدے کے مطابق پریڈ گراﺅنڈ آئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی قوم کانمائندہ اجتماع ہے ، اس کا احترام ہونا چاہئے ۔