"اپوزیشن حکومت پر تنقید کررہی ہے ،انہیں عوام کا اتنا ہی درد ہے تو ۔۔۔" فرخ حبیب نے حکومت مخالف جماعتوں کو مشکل میں ڈال دیا

"اپوزیشن حکومت پر تنقید کررہی ہے ،انہیں عوام کا اتنا ہی درد ہے تو ۔۔۔" فرخ ...

  

فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے حوالے سے عوام کی پریشانی کا بیحد احساس ہے ،وزیراعظم عمران خان دن رات عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں،آئندہ چند روز میں کم آمدنی والے افراد کیلئے بہت بڑے فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان ہونیوالا ہے،اپوزیشن جماعتیں دن رات حکومت پر تنقید کررہی ہیں،اِنہیں عوام کا اتنا ہی درد ہے تو بڑی بڑی امپورٹڈ گاڑیوں، بڑے بڑے مہنگے بیگ اٹھا اور مہنگے ترین لباس پہن کر عوام کا دکھ دور نہیں کیا جاسکتا ، اگر عوام کے آنسو پونچھنے ہیں تو ان کا لوٹا ہوا سرمایہ واپس کرو تاکہ آ پ کی طرح ان کی حالت بھی بہتر ہوسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عالمی سطح پر گزشتہ50 سالہ مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، پٹرول کی جو قیمت 40 ڈالر فی بیرل تھی وہ اب بڑھ کر 85 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے،خوردنی تیل کا جو کنٹینر 500 ڈالر کا تھا وہ اب 1200 ڈالر کا ہوگیا ہے، اسی طرح باقی امپورٹڈ اشیا کے ریٹ بھی کورونا کی وجہ سے طلب و رسد میں فرق کے باعث بڑھے مگر پھر بھی ہم نے کم سے کم بوجھ عوام پر پاس آن کیا،ہم اسحاق ڈار کی طرح پٹرول پر 50 روپے فی لٹر ٹیکس نہیں لے رہے بلکہ ہم نے اپنے ریونیو اور ٹیکسز میں حتی الامکان کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن حکومت پر تنقید کررہی ہے لیکن کل یہی لوگ ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر اور ڈیفالٹ کے قریب کرنے سمیت اس کی جڑیں کھوکھلی کرکے گئے تھے ،اسلئے ان کو چاہیے کہ اگر انہیں عوام کا اتنا ہی درد ہے تو یہ ملک و قوم کا لوٹا ہوا اربوں روپے کا سرمایہ غیر ممالک سے واپس پاکستان لائیں تاکہ یہاں کے عوام کو مناسب ریلیف مل سکے،‏پاکستان میں 1967ء کے بعد پہلی بار موجودہ حکومت دس ڈیم بنا رہی ہے، تربیلا ڈیم کے بعد پاکستان کے اندر کوئی بڑا ڈیم نہیں بنا، آج ہم داسو ڈیم، مہمند ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم بنا رہے ہیں، جس سے پاکستانی عوام کو بجلی سستی ملے گی،پہلے کسی بھی حکومت کو اس کی فکر نہیں تھی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ زردرای، نواز شریف، شہباز شریف نے قوم کے اربوں روپے لوٹ کے لندن اور دیگر ممالک میں محلات اور جائیدادیں بنائیں لیکن عمران خان نے نہ لندن میں جائیداد بنائی نہ محلات تعمیر کئے ،وزیراعظم کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور وہ دن رات عوام کیلئے محنت اور کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام ترقی کرکے خوشحال ہوسکیں،عمران خان کا مقصد غریب عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھانا ہے جس کیلئے وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محض زبانی دعوؤں کی بجائے ملکی ترقی،خوشحالی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ،ہم خدمت کے اس مشن کو پوری محنت، لگن اور جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے،عمران خان مختلف مافیاز کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں جس میں کامیابی حاصل اور ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کیا جا ئے گا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -فیصل آباد -