تبلیغی اجتماع رائیونڈ کے شرکاء کو پولیس بھر پور سکیورٹی فراہم کریگی، سی سی پی او 

      تبلیغی اجتماع رائیونڈ کے شرکاء کو پولیس بھر پور سکیورٹی فراہم کریگی، ...

  

            لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس رائیونڈ سالانہ تبلیغی اجتماع کے شرکا کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بات کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعکٰی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری،سی ٹی او منتظر مہدی،ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک، ایس پی سکیورٹی راشد ہدایت، ایس پی صدر حفیظ الرحمٰن بگٹی،اے سی رائے ونڈ عدنان، منتظمین رائے ونڈ اجتماع سمیت دیگر الائیڈ محکموں کے نمائندوں کی بھی اجلاس میں شرکت کی۔ایس پی سیکورٹی راشد ہدایت نے سیکورٹی جبکہ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے ٹریفک انتظامات پر شرکاء کو بریفنگ دی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سالانہ تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کا پہلا مرحلہ 4 نومبر سے 7 جبکہ دوسرا مرحلہ 11 نومبر سے 14 نومبر تک ہوگا۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ 3 ڈویژنل افسران کی زیر نگرانی 9 ایس ڈی پی اوز،27 ایس ایچ اوز سمیت 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ ایس پی ڈولفن کی زیر نگرانی 30 سے زائد پولیس ریسپانس یونٹ اور ڈولفن سکواڈکی ٹیمیں بھی تعینات ہونگی۔سی ٹی او منتظر مہدی نے آگاہ کیا کہ ایس پی ٹریفک آصف صدیق کی زیر نگرانی 700 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات رائے ونڈ اجتماع پر ہونگے جبکہ 7 پارکنگ سٹینڈ قائم کئے گئے ہیں جہاں 5 بریک ڈاؤن اور 20 فوک لفٹرز تعینات ہونگے۔اجتماع کے اطراف اور پارکنگ سٹینڈز اینٹی وہیکلز لفٹنگ کا سٹاف بھی تعینات ہوگا۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں کی سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔اجتماع کے داخل و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ایس پی صدر آپریشنز حفیظ الرحمٰن بگٹی تمام تر سکیورٹی انتظامات کی سپرویژن کریں گے۔رائیونڈ اجتماع میں آنے والے ہر شخص کی بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ پنڈال کی جانب آنے والے تمام راستوں پرشرکاء کی جسمانی تلاشی کو تین مقامات پر یقینی بنایا جائے گا۔سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیر ئیرزکا استعمال کیا جائے۔ضرورت کے مطابق پائپنگ، قناعتوں، رسوں، خار دار تاروں اور بیرئیرز کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے مزید کہا کہ اجتماع کے گرد نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس بھی پنڈال کے گردونواح سمیت اہم شاہراؤں پرموثرپٹرولنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع کے آرگنائزرزسے مسلسل رابطے میں رہیں۔ اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں پر لگائے جانے والے ناکوں پر انتظامیہ کی جانب سے دیئے جانے والے رضاکاروں کو بھی تعینات کیا جائے تاکہ اجتماع میں شرکت کے لئے آنے والوں کی نشاندہی میں آسانی ہو۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تمام افسران و جوان الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں اور اختتامی دعا کے بعد شرکاء کے انخلاء تک اپنے پوائنٹس نہیں چھوڑیں گے۔

مزید :

علاقائی -