بار اور بینچ میں ڈویژن دونوں کیلئے تسلی بخش نہیں: صدر سپریم کورٹ بار 

بار اور بینچ میں ڈویژن دونوں کیلئے تسلی بخش نہیں: صدر سپریم کورٹ بار 

  

     حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ پاکستان) صدر سپریم کورٹ بارچودھری محمد احسن بھون نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال میں بار اور بینچ کے درمیان پائی جانیوالی ڈویژن دونوں اداروں کیلئے تسلی بخش نہیں دونوں اداروں کے تعلقات متوازی ہونے چاہیے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ بار اور بینچ کے فرق کو ختم کیا جائے، کیوں کہ بار اور بینچ کا تصادم حصول انصاف میں بڑی رکاوٹ ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کے باہمی احترام سے ہی ادارہ بہتر انداز میں چل سکتا ہے۔ اپنے آبائی گاؤں بھون کلاں میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار چودھری محمد احسن بھون کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی نظام تسلی بخش نہیں۔ اس میں بہتری کی گنجائش ہے۔ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی عمل داری کیلئے کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی بادستی کو تسلیم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ تمام اداروں کو اپنے اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔وکلاء نے اداروں کی ایک دوسرے کی مداخلت کو کبھی پسند نہیں کیا، بلکہ ہم نے ہمیشہ اس پر احتجاج کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ملک کی دیگر بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر اور باہمی مشاورت اور تجاویز کے ساتھ موجودہ نظا م کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ اعلیٰ عدلیہ میں میرٹ اور آئینی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے بھرتیاں ہونی چاہیے۔ ملک کی ترقی اور نظام کے استحکام کے لیے عدلیہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں صرف سیاست دانوں کا ہی احتساب ہوتا رہا ہے۔ جب باقی اداروں میں کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے خلاف عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں اور اُمید ہے کہ ان کیسز کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا اور انھیں بھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد بار کا میں بنیادی رُکن ہوں۔ اس کی بہتری، فلاح و بہبود اور حافظ آباد کی وکلاء کی بہتری کے لیے پہلے بھی ہر ممکن اقدامات کیے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ اہلیان حافظ آباد کے لیے خوشی کی بات ہے کہ میراتعلق بھی حافظ آباد سے ہے جب کہ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سابق نائب صدر پاکستان بار کونسل عابد ساقی، صفدر حسین تارڑ، محمد آصف چیمہ سمیت کئی سینئر وکلاء جو سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار ایسوسی ایشن کے سینئر رکن ہیں۔میری کامیابی ان دوستوں اور باقی وکلاء کے باہمی اتحاد اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ، اُمیدوار صدر ڈسٹرکٹ بار خالد شاہد ایڈووکیٹ، معظم حیات بھون ایڈووکیٹ، سرفراز ارشد ایاز چیمہ ایڈووکیٹ دیگر وکلاء اور علاقہ معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صدر سپریم کورٹ بار

مزید :

صفحہ آخر -