وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی 70سال کی محرومیاں دور کرنے کا وعدہ ایفا کر رہی ہے: علی امین گنڈا پور

  وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی 70سال کی محرومیاں دور کرنے کا وعدہ ایفا کر رہی ...

  

      اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن گلگت بلتستان کی تاریخ میں اہم ترین دن ہے، انہوں نے کہا کہ آج سے74سال قبل گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی لازوال قربانیوں کے ذریعے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں گلگت بلتستان کے عوام نے محب وطن پاکستانیوں کی طرح ہر موقع پر پاکستان سے اپنی گہری محبت کا اظہار کیا ہے جسے پورے پاکستان کے عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے گلگت بلتستان کو بے پناہ خوبصورتی سے نواز رکھا ہے جس سے بھرپور انداز میں استفادہ حاصل کرنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے ہیں، انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد رکھی جا سکتی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال گلگت بلتستان کے انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان کی ستر سال کی محرومیاں کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 370 ارب روپے کی لاگت سے کئی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور اس ضمن میں تمام ممکن وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی-

علی امین گنڈا پور

مزید :

صفحہ آخر -