پی آئی اے کی نجف کیلئے باقاعدہ فضائی سروس شروع، پہلی پرواز 91زائرین لے کرعراق پہنچ گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے نے عراق کے شہر نجف کیلئے باقاعدہ فضائی سروس شروع کردی ہے۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے کی پہلی شیڈول پرواز PK-219 اکیانوے مسافروں کو لے کر نجف پہنچ گئی، پرواز کیساتھ عراقی سفیر حامد عباس لفتہ اور سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک بھی نجف پہنچے۔کراچی ائیر پورٹ پر ایک سادہ سی تقریب میں سی ای او، پی آئی اے، پاکستانی سفیر، جید علمائاور مسافروں نے مل کر کیک کاٹا، ائیرپورٹ پر گورنر نجف، پاکستانی سفیر، عراقی سول ایوی ایشن کے سربراہ اور مذہبی رہنماؤں نے بھرپور استقبال کیا۔اس موقع پر سی ای او پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت اور سلامتی کا پیغام لے کر آئے ہیں، عراق پاکستانی مسلمانوں کیلئے اہم منزل ہے اور تمام فقہائے کرام کے پیروکاروں کے لیے مقدس ہے، اس موقع پر گورنر نجف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور پاکستانی زائرین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، کوشش ہے ویزہ نظام کو اور آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ زیارات سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان کے سفیر احمد علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی شیڈول پروازیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی، اب کوشش ہوگی کہ نجف کے بعد پی آئی اے بغداد کے روٹ کو بھی جلد شروع کرے، وفد نے استقبالیے کے بعد مسجد کوفہ اور حضرت علیؓکے روضہ کی زیارت کی، وفد اسی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گیا۔
نجف