پاکستانی پراڈکٹس ہر اعتبار سے معیاری اور لاجواب ہیں: قونصل جنرل

پاکستانی پراڈکٹس ہر اعتبار سے معیاری اور لاجواب ہیں: قونصل جنرل
پاکستانی پراڈکٹس ہر اعتبار سے معیاری اور لاجواب ہیں: قونصل جنرل

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستانی مصنوعات ہر اعتبار سے معیاری اور لاجواب ہیں اگر بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کو فروغ دیا جائے تو ملکی معیشت بھی مضبوط ہوسکتی ہے۔ پاکستان ہر لحاظ سے زرخیز ملک ہے یہاں کی پراڈکٹس دنیا بھر میں مشہور ہیں جبکہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار قونصلیت جنرل آف پاکستان، دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے گزشتہ روز اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک لنچ میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاسپورٹ قونصلر عبدالوہاب شیخ اور پریس قونصلر شازیہ سراج بھی موجود تھیں۔ متذکرہ قونصلیٹ سٹاف کے اعزاز میں لنچ کا اہتمام شارجہ کے بزنس مین و صحافی سہیل خاور اور حاجی محمد یٰسین نے کیا تھا۔ لنچ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر اشفاق احمد، ڈاکٹر جہانزیب اورکزئی، ملک ارشد اعوان، ساجد چیمہ، حاجی جمیل اسحق، میاں عمر، عرفان اقبال طور، محمد غوث قادری، اعجاز گوندل، خالد محمود گوندل، طاہرمنیر طاہر اور راجہ محمد نصیر نے شرکت کی۔

منفرد معیار اور اعلیٰ ذائقہ کے حامل النواب ریسٹورنٹ شارجہ میں لنچ کے دوران قونصل جنرل نے پاکستانی ذائقہ دار کھانوں کی تعریف کی اور معیار برقرار رکھنے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ اس دوران قونصل جنرل نے اپنے سٹاف کے ہمراہ پاکستان سپر مارکیٹ کا وزٹ بھی کیا اور وہاں پاکستان کی تمام چیزیں موجود پاکر مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ملک تمام پاکستانی اپنے ملک کی پراڈکٹس اور اشیاءکی خریداری کریں تو اس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔ پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ باہمی ملاقات کے دوران دیگر اہم موضوعات پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی جس میں ایکسپو 2020 اور گلوبل ویلیج 2021 کا بھی ذکر ہوا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ہر دو جگہوں پر پاکستان کے لیے بزنس کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی پراڈکٹس کو متعارف کرانے کے لیے یہ بہترین وقت ہے جب دوسرے ملک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے متذکرہ دونوں ایونٹس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا تاکہ پاکستان کی تجارت دوسرے ممالک کے ساتھ بڑھ سکے اور پاکستان کو فائدہ ہو۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -