سری لنکا کے خلاف سنچری کے ساتھ ہی جوز بٹلر نے اہم ترین اعزاز بھی اپنے نام کرلیا

شارجہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف سنچری سکور کرنے والے انگلینڈ کے بلے باز جوز بٹلر نے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے پہلے انگلش کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق جوز بٹلر پہلے انگلش کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچریاں سکور کی ہیں۔ ان سے پہلے 2014 کے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کے ایلکس ہیلز نے بھی سنچری سکور کی تھی تاہم ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری نہیں ہے۔
خیال رہے کہ جوز بٹلر نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 67 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ وہ کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری سکور کرنے والے دنیا کے آٹھویں بلے باز ہیں۔ سنہ 2007 سے اب تک مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس کے دوران نو سنچریاں سکور کی جا چکی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل وہ وحد بیٹر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں دو سنچریاں بنا رکھی ہیں۔