فلسطین میں اسرائیل کے مظالم ناقابل برداشت ہیں، شبیر مقبول
لاہور(سٹی رپورٹر) سیکرٹری اطلاعات و نشریات آل پاکستان انجمن تاجران لاہور شبیر مقبول نے کہا ہے فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کھلم کھلا بدمعاشی ہے ۔ عالمی برادری کی جنگ بندی کیلئے غیر موثر حکمت عملی مظلوم فلسطینیوں کیساتھ سنگین ظلم ہے ۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی اسرائیلی مظالم پر خاموشی مظلوم فلسطینوں پر تاریخ کا بدترین ظلم ہے ۔ فلسطینی قبلہ اول کو صیہونی تسلط سے نکالنے کیلئے اپنی کئی نسلوں کی جان مال اولاد کی قربانیاں دے چکے ہیں ۔
طویل ترین جنگ بھی فلسطینی قوم کے جذبے کو شکست نہ دے سکی ۔ پاکستان کے غیور عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ آخری سانس تک کھڑے ہیں ۔
پاکستان کا فلسطین کے بارے موقف ہمیشہ دو ٹوک اور حتمی رہا ہے ۔ فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول کی مسلمانوں کے پاس واپسی کیلئے دعائیں شرمندہ تعبیر ہوں گی ۔ حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں کو ظلم کی سیاہ رات سے نکالنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔