ابھی تک الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگائی عمران کے وفادار امید وار الیکشن لڑینگے، فوجی عدالتوں کے کیس میں اپیل کرینگے: نگران وزیراعظم 

      ابھی تک الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگائی عمران کے وفادار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں،سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گئے چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔میو ہسپتال لاہور کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ دورہ پنجاب میں حکومت کے بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہی قلعے کی ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند ہے، توقع ہے دیگر صوبے بھی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، پنجاب حکومت کو جہاں ضرورت ہوگی وفاق مدد فراہم کرے گا۔غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن سے متعلق نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے،غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بہت سے لوگ بغیر کسی دستاویزات کے کئی سالوں سے رہائش پذیر ہیں، یہ لوگ واپس جائیں اور قانونی طور پر واپس آئیں، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لیکر پاکستان آسکتا ہے، البتہ کسی کی املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں ہے۔انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ووٹ دینے کیلئے جتنے آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، الیکشن کی تاریخ کا اعلان پورا آئین نہیں ہے، آئین کے کئی اور پہلو ہیں، کیا ان تمام پہلوؤں کو نظرانداز کر کے صرف اس ایک پہلو پر زور دینا چاہیے؟انہوں نے کہا کہ اپنے طور پر ہم نے الیکشن کمیشن کو ہر طرح کی معاونت کی یقین دہانی کروا دی ہے، اس سے آگے بڑھ کر ہمارا الیکشن کمیشن سے تاریخ پوچھنا مناسب نہیں ہوگا، جہاں جہاں ہمارا کردار ہے وہ ہم پوری طرح ادا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کے حوالے سے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا وفد 2 نومبر کو پاکستان آ رہا ہے، ان کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست صرف میری ذاتی نہیں ہے، جو بھی شخص آئے گا وہ پالیسی کا تسلسل برقرار رکھے گا، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی، نگران حکومت کسی بھی جماعت کے خلاف کونسی ایسی کارروائی کرسکتی ہے؟نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو لوگ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ منسلک ہیں وہ اس الیکشن میں حصہ لیں گے، اس سے زیادہ کیا لیول پلیئنگ فیلڈ ہوسکتی ہے، تمام بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتوں کو ایک جیسے حقوق حاصل ہیں۔اسرائیل کے فلسطین میں حملوں پر انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال قابل مذمت ہے، موجودہ بحران میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہئے، جو کچھ اسرائیل نے غزہ میں کیا کسی بھی قسم کا جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کا مسئلہ پرانا ہے، اس کا حل ہم آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں نہیں دیکھ رہے، جہاں جہاں ممکن ہوگا اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (آئی ایس ایف سی) نگران حکومت کا کام نہیں، گزشتہ حکومت نے اس کیلئے قانون سازی کی جبکہ اس کونسل کی اصلاحات کسی فورم پر چیلنج نہیں کی جا سکتیں، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، سمگلنگ پر ہاتھ ڈالنے سے مثبت تبدیلی آئی ہے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی معاشی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انوار الحق کاکڑ نے پاس آوٹ ہونے والے طلبا میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کامیاب ہونے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، فارغ التحصیل طلبا ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں گے، پاکستان کو پاس آوٹ ہونے والے طلبا کی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان نے ترقی کی منازل طے کی ہیں، حکومت ملک کی معاشی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، پاکستان میں معیشت کی ترقی کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم انوار الحق کی گورنر ہاوس آمد پر محمد بلیغ الرحمان نے ان کا استقبال کیا، نگران وزیراعظم اور گورنر پنجاب نے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور صوبے میں جاری منصوبوں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی یونیورسٹیوں کو سالا نہ فنڈنگ میں خاطر خواہ کمی کے مسئلے کی طرف متوجہ کیا۔ محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یونیورسٹیاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سالانہ فنڈنگ میں کمی کے باعث خسارے کا شکار ہیں، ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کی فنڈنگ میں اضافہ اور مالی معاملات میں بہتری لانے میں مدد کرے۔

وزیر اعظم

مزید :

صفحہ اول -