فلسطین کے معاملے پر قوم یکجا، جدوجہد اور آواز کو بھی دبایا نہیں جا سکتا: مرتضی سولنگی
اسلام آباد (این این آئی) اراکین سینٹ نے دوسرے روز بھی اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے، پاکستانی قوم کا غیر متزلزل ایمان ہے کہ فلسطین کے عوام کی جدوجہد اور آواز کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا،امریکی سامراج اور مغربی ممالک نسلی کشی کے مرتکب ہورہے ہیں،ایک وقت آئیگا اور فلسطین میں بچوں کا قتل عام بند ہوگا،جمہوریت کا لبادہ اڑھے مغربی ممالک کو خاموشی ترک کرنا ہوگی۔ بدھ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف سینٹ میں دوسرے روز بھی بحث جاری رہی۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ فلسطین کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ اقوام متحدہ میں ہمارے مستقل مندوب منیر اکرم کی تقریر صیہونی نسل کے لئے کافی تکلیف کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ریاست ہمیشہ سے فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ فلسطین کی آزادی کے بارے میں پاکستان آج بھی اپنے اصولی موقف پر کھڑا ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہاکہ امریکی سامراج اور مغربی ممالک نسلی کشی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں جو فلسطین کے لئے احتجاج کررہے ہیں تو انکو نوکریوں سے نکلا جارہا ہے۔،یہ جنگ نہیں قتل عام ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ ہم اپنی پوزیشن میں کلیئر ہیں کہ فلسطین اور کشمیر کا معاملہ انکی عوام کریں گے،ہم واحد غیر عرب ملک ہیں جن نے عرب وار میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں پر زندگی تنگ،کھانے کا فقدان اور ظلم و بربریت کی وجہ سے ہوا۔۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ فلسطین میں لاشوں کے ڈھیر ہیں، اسرائیل خطے کا بدمعاش بن رہا ہے،حماس کے حملے بعد اسرائیل پاگل ہوچکا ہے۔سینیٹر زرقہ سہروردی نے کہاکہ وقت آگیا ہے ہم سمجھیں کہ ہم فلسطین کیلئے مدد مانگ کس سے رہے ہیں۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ صاحب آپ سے گلہ بھی ہے،جو سینیٹرز حراست میں ہیں انکے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے، علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے اکتوبر سے فروری تک نیا بجٹ منظور کیا ہے، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے،اگر الیکشن جنوری یا فروری میں نہیں ہوئے تو ایک اور آئینی خلاف ورزی ہو جائے گی۔
مر تضیٰ سولنگی