نابینا افراد کو ملازمتوں کے ذریعے قومی دھارے میں لایا جائے ، صدر مملکت
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ نابینا افراد کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور خصوصی ملازمتیں فراہم کر کے انہیں مرکزی دھارے میں شامل کریں۔ وہ منگل کو وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام سفید چھڑی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں خطاب کر رہے تھے ۔ خاتون اول ثمینہ علوی ، وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج ، سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اے ڈی خواجہ ، ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن اظہر سجاد، ڈی جی سوشل ویلفیئر ستار خان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی کثیر تعداد اس پروقار تقریب میں شریک تھی ۔ صدر مملکت نے معاشرے کو نابینا اور بصارت سے محروم افراد کی ضروریات کی نشاندہی کرکے ان کو حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینائی سے محروم طلباءکے لیے کیریئر کی تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو مرکزی دھارے کے سکول سسٹم میں جلد از جلد شروع کیا جانا چاہیے۔یہ ساتھی طلبا ءکو معذور افراد کے ساتھ پہلے ہاتھ سے نمٹنے اور انہیں معاشرے میں جگہ دینا سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا،بصارت سے محروم بچوں نے قومی نغمہ دل دل پاکستان پر ٹیبلو پیش کیا۔صدر مملکت نے بصارت سے محروم بچوں میں سفید چھڑی تقسیم کی اور بعد ازاں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
صدر مملکت