خیبر پختونخوا انتظامی زونوں میں تقسیم
خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے انتظامی امور میں اصلاحات کے پیش نظر صوبے کو تین زونوں میں تقسیم کردیا ہے جس کے تحت جنوبی اضلاع، وسطی اضلاع اور شمالی اضلاع پر مشتمل الگ الگ زون کے طور پر کام کریں گے۔محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کی شہری پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے اِس میں چھ نئے نکات شامل کئے گئے ہیں جن کا مقصد افراد، کاروبار اور مختلف کمیونٹیوں کے لئے مواقع پیدا کرنا ہے۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی زون میں ہزارہ اور مالاکنڈ،وسطی زون میں پشاور اور مردان ڈویژن جبکہ جنوبی زون میں کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن شامل ہیں۔ پالیسی کی تمام شقیں تینوں زونوں پر یکساں لاگو ہوں گی۔ یہ اربن پالیسی خیبر پختونخوا ٹورازم ایکٹ کے تحت اربن ایریا ڈویلپمنٹ اور دیگر اتھارٹیوں کے دائرہ اختیار میں بھی نافذ ہوں گی۔صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ہر پانچ سال بعد صوبے کے ہر شہر کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے گی۔ انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے افسروں کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ خوش آئند اقدام ہے تاہم اِس پر عمل درآمد کے بعد نتائج کو دیکھ کر ہی صحیح صورت حال معلوم ہو سکے گی۔