پنجاب میں گندم کی کاشت کا آغاز کردیا گیا

پنجاب میں گندم کی کاشت کا آغاز کردیا گیا
پنجاب میں گندم کی کاشت کا آغاز کردیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد (آئی این پی)فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت  پنجاب بھر کے تمام آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت آج یکم نومبر بروز بدھ سے شروع ہو گی جبکہ 17ملین ایکڑ کے قریب رقبہ پر گندم کی کاشت کر کے 21ملین ٹن کے قریب پیداوار کے حصول کیلئے تما م انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ تمام آبپاش علاقوں کیلئے فخر بھکر، بھکر سٹار، عروج22،نشان،ڈیورم2021،اکبر19،دلکش 20،این اے آر سی سپر،غازی19، سبحانی 21،رہبر21، ایم ایچ21، جوہر 16،بورلاگ16،فیصل آباد8،زنکول16،اناج17،صادق21 اورنواب21وغیرہ کاشت کی جاسکتی ہیں جبکہ این اے آر سی 2011، آس 2011، ملت 2011، پنجاب 2011، آری2011، لاثانی 2008، معراج 2008، فرید 2006، شفق 2006، گلیکسی 2013،اجالا 2016، گولڈ2016،این این گندم ون،زنکول وغیرہ اورپنجاب کی کلر والی زمینوں پر کاشت کیلئے پاسبان 90وغیر بھی بہتر پیداوار کی حامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام بارانی علاقوں کیلئے چکوال 50، این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011، پاکستان 2013، احسان 2016، فتح جنگ 2016 و غیرہ کی منظورشدہ اقسام کی منظوری دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار مذکورہ اقسا م کی کاشت کو ترجیح دیں تاہم پنجاب کے آبپاش علاقوں میں سحر 2006 بھی کاشت کی جاسکتی ہے مگر چونکہ یہ فصل بیماری سے متاثر ہوتی ہے اسلئے اسے کم سے کم رقبہ پر کاشت کرناچاہیے۔انہوں نے بتایاکہ آج یکم نومبر سے لیکر30 نومبر تک کے ایام گندم کی کاشت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اسلئے ان ایام میں کسی غفلت، کوتاہی، سستی، لاپرواہی کامظاہرہ نہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے پاک تصدیق شدہ، صحت مند بیج زہر لگاکر بذریعہ ڈرل کاشت کریں تاکہ بہترپیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے بتایا فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت تمام اضلاع کیلئے مقرر کردہ گندم کی کاشت کا ہدف ہر حال میں مکمل کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور تمام زراعت افسران سمیت فیلڈسٹاف سے کہاگیاہے کہ وہ ہمہ وقت کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کی رہنمائی یقینی بنائیں تاکہ وہ بروقت اور مناسب طریقے سے30 نومبر تک گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آبادسمیت تمام اضلاع کے محکمہ زراعت کے حکام کو سختی سے ہدائت کی ہے کہ وہ زمینداروں، کاشتکاروں،کسانوں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت پر آمادہ کرنے سمیت انہیں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ آج یکم نومبر سے شروع ہونے والی بوائی کی مہم کو بھر پور طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے مہم جاری ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی بہترین اقسام اور اس کی کاشت کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت مقررہ ا ہداف کے حصول کیلئے تما م وسائل بروئے کار لا ئے گا اور ہدف سے بھی بڑھ کر گندم کی کاشت کیلئے جدو جہد کی جائے گی۔