عاصم جمیل کی موت کے وقت مولانا طارق جمیل کیا کر رہے تھے ؟
تلمبہ(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل نے گزشتہ دنوں سینے میں گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔ عاصم جمیل سالہا سال سے ڈپریشن کے عارضے میں مبتلا تھے جو ان کے بھائی کے مطابق چند ماہ سے انتہائی سنگین نوعیت اختیار کر چکا تھا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق عاصم جمیل نے گھر کے سکیورٹی گارڈ سے بندوق چھین کر خود کو سینے میں گولی مار لی۔
بتایا گیا ہے کہ عاصم جمیل کے اس اقدام کے وقت وہ گھر میں اکیلے تھے، گھر کوئی اور فرد ان کے ساتھ موجود نہیں تھا۔ مولانا طارق جمیل اس وقت فیصل آباد میں تھے جہاں وہ رائے ونڈ اجتماع کی تیاریوں سے متعلق ایک میٹنگ میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
عاصم جمیل کے بڑے بھائی مولانا یوسف ’مولاناطارق جمیل برانڈ‘ کی طرف سے دیئے گئے لنچ میں شرکت کے لیے میانوالی گئے ہوئے تھے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی تعلیم کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔ پولیس کے مطابق خود کو گولی مارنے کے بعد عاصم جمیل کو فوری طور پر تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر منقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔