حکمران 27ویں ترمیم سے فوجی عدالتیں قائم کرنا چاہتے ہیں، سلمان اکرم 

  حکمران 27ویں ترمیم سے فوجی عدالتیں قائم کرنا چاہتے ہیں، سلمان اکرم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم پاکستان کے آئین اور عدلیہ پر حملہ ہے،تحریک انصاف اس کے خلاف بھر پور مزاحمت کرے گی،پوری قوم کو بنیادی حقوق کی پامالی اور سویلینز کوملٹری کورٹس میں لے جانے کے خلاف کھڑے ہونا چاہیے،ہم بہت جلد ملک گیر احتجاج کا اعلان کریں گے،دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے ہمارا پورا پلان ہے،شیر افضل مروت کو ایک موقع دے رہے ہیں اگر ڈسپلن کا مظاہرہ نہ کیا تو پارٹی آئین کے مطابق کارروائی کریں گے۔ پنجاب اسمبلی  کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات ہوئی ہے ہمارے منتخب ممبران کے ساتھ زیادتی ہوئی،چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا لیکن پھر بھی ان کا عزم بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا اعلان جلد کریں گے اورپیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم اس لیے کر رہے ہیں کہ فوجی عدالتیں قائم ہوں اور ہمیں بند کمروں میں سزائیں ہوں،ہم اپنا مقدمہ پاکستان کی عوام کے پاس لے کر جائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کی عوام کا مقدمہ ہے، انشا اللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ کب احتجاج کریں گے اس کی تفصیلات یہاں نہیں بتا سکتا،جلسہ ایک دن کا ہوگا یا دھرنا دینا ہے ہمارے پاس تمام آپشنزموجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ہمارے کارکنان اور لیڈران کو زدوکوب کیا گیا لیکن وہ ڈٹ کر کھڑے ہیں،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے،کل ان سے ملاقات ہوئی ان کا جذبہ آج بھی بلند ہے، ہم اس جھوٹ کے نظام کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔ 

سلمان اکرم راجہ

مزید :

صفحہ آخر -