صبح نو پراجیکٹ کی لانچنگ، یو ایس ایڈ نے خوش آئند قرار د یدیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) یو ایس ایڈ کے تحت ایل پی پی ودیگر سماجی اداروں کی جانب سے صبح نو پراجیکٹ کی لانچنگ کو یو ایس ایڈ نے خوش آئند قرار دیا ہے۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے شرکت کی جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر سوونگسری نے اس کے آغاز پر سماجی ادارے ایل پی پی اور دیگر پارٹنرز کو خراج تحسین پیش کیا،اس موقع پر ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم اجمل چانڈیہ نے کہا کہ اس طرز کی سرگرمیاں ہمارے معاشرے کیلئے ضروری اور مفید ہیں جو مختلف موضوعات صبح نو میں شامل ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ایسے اقدامات کو بھرپور سپورٹ کرینگے۔لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور نے اس پراجیکٹ کی اہمیت اور خصوصیات سے شرکاء کو آ گاہ کرتے ہوئے کہا کہ صبح نو پروگرام کے تحت مستقبل میں محروم کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی جائے گی، ان کو آگے لایا جائے گا اور ہم مستحکم معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں رہیں گے۔سی ای او سماجی ادارہ سگنیفائی زین بلوچ نے کہا کہ یو ایس ایڈ ایل پی پی سگنیفائی اور دیگر ادارے سماجی ترقی کی کوششوں کے ذریعے مقامی امنگوں کو ڈھالنے ابھارنے اور بہتر کرنے کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر ملتان، بہاولپور اور لودھراں کے سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد، مذہبی سماجی سیاسی رہنماؤں، ماہرین تعلیم و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی، پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا تھا اور ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
صبح نو پراجیکٹ
