اسلامی تعلیمات پر عمل کیے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں: مقررین
رائے ونڈ (این این آئی)رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع شروع ہو گیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات،5لاکھ افراد کے قیام وطعام کے انتظامات،ایک لاکھ سے زائد افراد پنڈال میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ امیرجماعت مولانا نذرالرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگیا۔شرکاء اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد ابراہیم دہلوی اور مولانا نذر الرحمان نے کہا کہ اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں،اللہ سے دوستی کرلو،ساری مشکلات سے نجات مل جائیگی،اپنی زبان کو قابو میں رکھو مغفرت کے لئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ۔خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچاؤ،،معاشرہ سلجھ جائیگا،معاشرے میں امن قائم ہو جائیگا۔مقررین نے کہا کہ اپنے دلوں کو کدورتوں اور بغض سے پاک رکھو،اللہ کی رحمت نازل ہوگی،سارا اسلام،سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا،دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو،زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں،آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے، مصائب کی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے، نبی اکرمؐؐ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جاؤ دنیا بھی سنور جائیگی اور آخرت بھی۔ختم نبوت کے عقیدے کے بغیر سارے اعمال فارغ ہیں اپنے عقیدوں کو درست کرلو۔نبی اکرمؐ کے طریقے اور سنت کے بغیر کیا جانے والا عمل غارت ہے نبی کریم ؐکے ادب کے بغیر کوئی کامیابی نہیں مل سکتی، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے کام آؤ یہی انسانیت کا فلسفہ ہے۔
تبلیغی اجتماع
مانگامنڈی(ملک ممتاز حسین) رائیونڈ میں عالمی سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا جو کہ 3 نومبر کو دعا کے بعد اختتام پذیر ہوجائے گا۔رائیونڈ میں عالمی سالانہ تبلیغی اجتماع ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی دو مرحلوں میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ دوسرا مرحلہ 7 نومبر سے شروع ہوگا جو 10 نومبر کو دعا کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا۔عالمی سالانہ تبلیغی اجتماع میں ملک بھر سمیت دیگر ممالک سے بھی ہزاروں کی تعداد میں مندوبین اور علماء اکرام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔رائیونڈ اجتماع میں شرکت کیلئے مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا اس عالمی
سالانہ تبلیغی اجتماع کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانگی کو بحال رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 13 ڈی ایس پیز، 203 انسپکٹرز، 999 وارڈرنز ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اجتماع کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔پنجاب پولیس کے 3 ایس پی،10 ایس ڈی پی او، 41 انسپکٹر اور 252 سب انسپکٹر، اے ایس آئی سمیت 2707 کانسٹیبل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے اس کے علاوہ سیف سٹی کیمروں کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے اجتماع کی مانیٹرنگ کی جائے گی جس کا مونیٹرنگ سیل اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے آفس میں قائم کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 بیڈز پر مشتمل عارضی سپتال بھی اجتماع گاہ میں قائم کیا گیا ہے،سات مختلف مقامات پر پارکنگ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں۔اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ضلعی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ ڈاکٹر زینب طاہر کے ہمراہ اجتماع گاہ کا دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے انتظامات کے حوالے سے کمشنر لاہور ڈی سی لاہور سمیت دیگر افسران کو بریفنگ دی۔
سکیورٹی انتظامات
