این اے 231میں دوبارہ گنتی، ری کاونٹنگ آفیسر نے رپورٹ جمع کرا دی
کراچی (سٹاف رپورٹر)الیکشن ٹریبونل میں این اے 231میں دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر ری کاونٹنگ آفیسر اور ریجنل الیکشن کمیشن کراچی امتیاز کلہوڑو نے رپورٹ جمع کروادی۔سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل کے روبرو این اے 231 میں دوبارہ گنتی میں رکاوٹ کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ری کاونٹنگ آفیسر اور ریجنل الیکشن کمیشن کراچی امتیاز کلہوڑو نے رپورٹ جمع کروادی۔ جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس رپورٹ پر حلفیہ بیان جمع کروائیں۔ ری کانٹنگ افسر نے اپنا حلفیہ بیان جمع کروادیا۔ الیکشن ٹربیونل نے ریمارکس میں کہا کہ اگر درخواستگزار چاہیں تو آئندہ سماعت پر ری کاؤنٹنگ افسر پر جرح کر سکتے ہیں۔ توہین عدالت اور حکیم بلوچ کی رکنیت معطل کرنے کی درخواست کی سماعت بھی 13 نومبر کو ہوگی۔ حکیم بلوچ اور پیپلز پارٹی کے دیگر کارکنوں پر دوبارہ گنتی میں مداخلت،بیلٹ پیپر چھین کرجلا نے کا الزام ہے۔ توہین عدالت کی درخواست اور انتخابی عذرداری پی ٹی آئی کے خالد محمود اڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔